مواد پر جائیں

کوئٹہ 18°C فجر 5:16 ظہر 12:17 عصر 4:20 مغرب 5:58 عشاء 7:18
آج کا ای پیپر ⁦13⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

کوئٹہ طیارہ حادثے میں جانیں بچانے والے نوجوان حکمت اللہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے اعزاز

وزیراعلیٰ نے نوجوان کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا، بہادری اور جذبۂ انسانیت کو سراہتے ہوئے دوسروں کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔

کوئٹہ طیارہ حادثے میں جانیں بچانے والے نوجوان حکمت اللہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے اعزاز
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں حکومت بلوچستان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا ہے۔
نوجوان حکمت اللہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی، جس کے دوران میر سرفراز بگٹی نے حادثے کے موقع پر ان کے جرات مندانہ کردار اور جذبۂ انسانیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل اور ہنگامی حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ حکمت اللہ نے جس بہادری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ دوسرے نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہیں بلوچستان کے ایسے باہمت نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق خدمتِ خلق اور دوسروں کی مدد کے لیے عملی کردار ادا کرنا معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔
نواں کلی میں پیش آنے والے تربیتی طیارے کے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جائے حادثہ پر نوجوانوں کا انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنا ان کے جذبۂ ہمدردی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ وابستگی کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک و قوم کے تحفظ اور محفوظ مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق حادثے کے موقع پر مقامی نوجوانوں کا امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا ظاہر کرتا ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ ان کے بقول ایسے واقعات عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان موجود تعلق اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوجوان حکمت اللہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت، جرات اور مشکل وقت میں دوسروں کی جان بچانے کے لیے عملی اقدامات کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والے افراد، خصوصاً نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ نئی نسل میں خدمتِ خلق، سماجی ذمہ داری اور قومی یکجہتی کے جذبات کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے حکمت اللہ کے کردار کو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کی خدمات کو تسلیم کرنا نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ معاشرے میں دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔