پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 28 بچوں اور 2 خواتین اساتذہ سمیت 30 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ دیر کالونی میں قائم الخیر اسکول سسٹم میں پیش آیا، جہاں چھت اچانک منہدم ہونے سے متعدد طلبہ اور اساتذہ ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایمبولینسیں، امدادی گاڑیاں اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ مقامی افراد نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
ابتدائی طور پر ملبے سے نکالے گئے 8 سے زائد زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد میں امدادی کارروائیوں کے دوران مزید طلبہ اور اساتذہ کو نکالا گیا اور 40 سے زائد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے ابتدا میں 6 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد ازاں اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی، جن میں 21 لڑکے، 7 لڑکیاں اور 2 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق متعدد بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا، جبکہ بعض بچے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 13 سال تک تھیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حادثے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال اور نصیراللہ بابر میموریل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ نصیراللہ بابر میموریل اسپتال میں ایک بچے کی لاش اور 33 زخمی بچوں کو منتقل کیا گیا، جنہیں بعد ازاں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوان بھی شریک ہوئے، جنہوں نے دیگر امدادی اداروں کے ساتھ مل کر ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں حصہ لیا۔ اسکول کی عمارت تنگ گلیوں میں واقع ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق متاثرہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول کی چھتیں خستہ حالت میں تعمیر کی گئی تھیں اور واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں مجموعی طور پر 110 بچے زیر تعلیم تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے علاج کے لیے تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات اور اسکول کی عمارت کی حالت سے متعلق مزید قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ واقعے کے بعد تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی انتظامات سے متعلق بھی سنگین سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔