مواد پر جائیں

کوئٹہ 12°C فجر 5:16 ظہر 12:17 عصر 4:21 مغرب 5:59 عشاء 7:19
آج کا ای پیپر ⁦13⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

لائبہ ستار اور اسماء جتک کیس کے ملزمان جلد گرفتار ہوں گے، وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

لائبہ ستار کیس میں 4 افراد نامزد، 2 کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری، اسماء جتک کیس کے مرکزی ملزم کی تلاش میں کراچی سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ لائبہ ستار اور اسماء جتک کیس میں نامزد ملزمان چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

لائبہ ستار اور اسماء جتک کیس کے ملزمان جلد گرفتار ہوں گے، وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان نے قلات میں لائبہ ستار کے معاملے پر کہا کہ اس کیس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا کہ لائبہ ستار کیس کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، جس میں متاثرہ خاندان کی نشاندہی پر چار افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق دو گرفتار افراد اہل خانہ کی جانب سے عدالت میں راضی نامہ ہونے کے بعد بری ہوگئے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی روایات کو پامال کرنے اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ حکومت ایسے معاملات میں متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

اسماء جتک کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسماء جتک ہو یا کوئی اور خاتون، سب ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں۔ حکومت ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسماء جتک کے ساتھ ہونے والے ظلم کو حکومت بھی محسوس کررہی ہے اور اس معاملے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

وزیر داخلہ کے مطابق اسماء جتک کیس کے مرکزی ملزم کی تلاش میں کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرم میں ملوث شخص گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر روپوش ہوسکتا ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کی تلاش میں مصروف ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے واضح کیا کہ لائبہ ستار اور اسماء جتک کے مقدمات میں کسی ملزم کے اثرورسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کو یقین دلایا کہ خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور دونوں مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔