مواد پر جائیں

کوئٹہ 23°C فجر 5:15 ظہر 12:18 عصر 4:22 مغرب 6:00 عشاء 7:20
آج کا ای پیپر ⁦13⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

سینیٹ اجلاس میں سوال پوچھنے والے ارکان ہی غائب، کارروائی ادھوری رہ گئی

ارکان کی غیر حاضری پر تمام سوالات مؤخر، اجلاس 19 اکتوبر تک ملتوی؛ اسلام آباد میں اخبارات کی تقسیم رکنے کا معاملہ بھی اٹھ گیا

اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں ارکان کی غیر حاضری کے باعث معمول کی کارروائی بھی مکمل نہ ہوسکی۔ سوالات پوچھنے والے زیادہ تر سینیٹرز ایوان میں موجود نہیں تھے، جس پر اجلاس 19 اکتوبر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

سینیٹ اجلاس میں سوال پوچھنے والے ارکان ہی غائب، کارروائی ادھوری رہ گئی

اجلاس کے دوران سوالات کا مرحلہ شروع ہوا تو بیشتر متعلقہ ارکان اپنی نشستوں پر موجود نہیں تھے۔ اس صورتحال پر اجلاس کی صدارت کرنے والے شہادت اعوان نے تمام سوالات مؤخر کردیے۔

سوالات پوچھنے والے ارکان میں صرف سینیٹر سید وقار مہدی ایوان میں موجود تھے، جبکہ دیگر متعلقہ سینیٹرز کی غیر حاضری کے باعث سوالات کا سلسلہ آگے نہ بڑھ سکا۔

اس موقع پر سینیٹر محسن عزیز نے ارکان کی غیر حاضری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں سوال کرنے والے ہی موجود نہیں ہیں۔

اجلاس کے دوران سینیٹر سعدیہ عباسی نے اسلام آباد میں اخبارات کی تقسیم رکنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج وفاقی دارالحکومت میں اخبارات تقسیم نہیں ہوسکے کیونکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کارروائی کرکے ان دفاتر کو سیل کردیا جہاں سے اخبارات کی ترسیل ہوتی تھی۔

سعدیہ عباسی نے اس کارروائی کو سنگین قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ سے اس معاملے پر جواب طلب کیا جائے۔

بعد ازاں ارکان کی غیر حاضری اور معمول کی کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث سینیٹ کا اجلاس پیر 19 اکتوبر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔