پیرس: دنیا کی سات بڑی صنعتی طاقتوں کے گروپ جی 7 نے تیل اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر اپنے ہنگامی ذخائر سے 10 کروڑ بیرل تیل، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کرلیا ہے۔
جی 7 رہنماؤں کے مشترکہ بیان کے مطابق یہ اقدام انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) کے ذریعے مربوط انداز میں کیا جائے گا اور ذخائر کا اجرا فوری طور پر شروع ہوکر آئندہ چار ماہ تک جاری رہے گا۔
منصوبے کے تحت ابتدائی 20 دنوں میں ڈیزل کی قابل ذکر مقدار مارکیٹ میں لائی جائے گی تاکہ رسد میں دباؤ کم کیا جاسکے اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کو قابو کرنے میں مدد ملے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی ممالک اپنے محفوظ ڈیزل ذخائر کی بڑی مقدار جاری کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ امریکا نے فی الحال ڈیزل کی برآمدات پر پابندی نہ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جی 7 ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ رکن ممالک کے درمیان توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات پر پابندیاں عائد نہیں کی جائیں گی، جبکہ دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک سے بھی ایسے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو عالمی مارکیٹ میں دباؤ مزید بڑھا سکتے ہیں۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد عالمی توانائی مارکیٹ میں رسد بہتر بنانا اور تیل و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو مستحکم کرنے میں مدد دینا ہے۔