کراچی: بحری قزاقوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں کی میتیں اور زخمی ہونے والے 4 پاکستانی اہلکاروں کو آج وطن واپس لایا جائے گا۔
سومالیہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بحری جہاز کے سیکنڈ افسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور بوائلر آپریٹر شامل ہیں۔
مراسلے کے مطابق میتیں آج شام تقریباً 4 بجے کراچی پہنچیں گی، جبکہ زخمی عملے کے چار ارکان کو بھی ایتھوپین ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔
زخمیوں میں یاسر خان، عقیل خان، عثمان غنی اور شمس امین شامل ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر میتوں اور زخمیوں کی حوالگی کیلئے ایمبولینس سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے متعلقہ حکام بھی انتظامات میں شریک ہوں گے۔
جیو نیوز کے مطابق گورنر سندھ نہال ہاشمی حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ پر جہاز کے عملے کو وصول کریں گے۔