خاران اور واشک میں آپریشن، 11 دہشت گرد مارے گئے
کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے خاران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا. اسی طرح واشک میں بھی بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا،
جن کے قبضے سے دہشت گردی میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا. آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی.
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں تازہ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے. وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے.