ہنر مند افراد کے لیے کینیڈا میں مستقل رہائش کا بڑا موقع
کینیڈین حکومت نے ملک میں لیبر مارکیٹ اور افرادی قوت کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لیے اپنے "ایکسپریس انٹری سسٹم” کے تحت ہائی اسکیلڈ (اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند) پروفیشنلز کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل رہائش (Permanent Residency) دینے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
کینیڈین امیگریشن حکام کے مطابق، ‘کیٹیگری بیسڈ سلیکشن’ (شعبہ جات کی بنیاد پر انتخاب) کے تحت ایسے تمام امیدواروں کو تیز ترین بنیادوں پر کینیڈا آنے کے لیے دعوت نامے (Invitations to Apply) جاری کیے جا رہے ہیں جن کی مہارتیں ملکی معیشت کی موجودہ ضروریات سے مطابقت رکھتی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اہم شعبوں میں خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنا اور اہل امیدواروں کو مستقل سکونت کا آسان راستہ فراہم کرنا ہے۔
ترجیحی شعبے جنہیں فوری مستقل رہائش دی جائے گی:
اگر آپ کا تعلق درج ذیل شعبوں میں سے کسی سے ہے، تو کینیڈا کی پی آر (PR) حاصل کرنے کے امکانات اب سب سے زیادہ ہیں:میڈیکل اور ہیلتھ کیئر: طبی ماہرین، ڈاکٹرز، نرسز، ریسرچرز اور سوشل سروسز سے وابستہ پیشہ ور افراد۔اسٹیم (STEM) فیلڈز: سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے ماہرین۔تعلیم و تدریس: اساتذہ اور تعلیمی ماہرین۔تعمیرات اور ٹرانسپورٹ: کنسٹرکشن، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ ورکرز، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے ماہرین۔مینجمنٹ: کینیڈین ورک ایکسپیرئنس (تجربہ) رکھنے والے سینئر مینیجرز۔
حکومتِ کینیڈا نے واضح کیا ہے کہ صوبہ کیوبک سے باہر فرانسیسی زبان بولنے والی کمیونٹیز کو فروغ دینے کے لیے ایسے امیدواروں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی جو فرانسیسی زبان (French Language) پر عبور رکھتے ہیں۔
ماہرینِ امیگریشن کا کہنا ہے کہ کینیڈا جانے کے خواہش مند افراد اگر فوری طور پر اپنی ‘ایکسپریس انٹری پروفائل’ کو اپ ڈیٹ اور بہتر بنائیں اور ان ترجیحی کیٹیگریز کے معیار پر پورا اتریں، تو انہیں بہت جلد کینیڈین حکومت کی طرف سے مستقل رہائش کا دعوت نامہ موصول ہو سکتا ہے۔