صرف ایک دن کا نوٹیفکیشن، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں دیکھ کر عوام دنگ رہ گئے
اسلام آباد: حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا حیران کن نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس نئی قیمت کا اطلاق صرف 20 اگست کے لیے ہو گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 63 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے پیٹرول 334 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ آئل ریفائنریز سے کامیاب مذاکرات کے بعد ڈیزل کی قیمت میں اس بڑی کمی پر پیشرفت ممکن ہوئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں یکلخت بڑا اضافہ کیا گیا تھا، تاہم اب ڈیزل کی قیمت میں بڑی رعایت دے کر پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ لاگو کر دیے گئے ہیں۔