بلوچستان میں مون سون کا بڑا خطرہ، طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وارننگ
کوئٹہ: بلوچستان میں قدرتی آفت کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، جس کے پیشِ نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 24 جولائی تک صوبے بھر میں طوفانی مون سون بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب، شیرانی، لورالائی، دکی، ہرنائی، سبی، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار، نصیر آباد، جعفر آباد اور جھل مگسی سمیت متعدد اضلاع شدید بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ اس دوران ندی نالوں میں شدید طغیانی، پہاڑی سلسلوں میں ہولناک فلیش فلڈ (پہاڑی ریلے) اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ (سیلابی صورتحال) کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے وارننگ دی ہے کہ دریائے ناڑی بولان اور دریائے لہڑی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر، برساتی ندی نالوں کے قریب جانے اور کمزور پلوں سے گزرنے سے سخت گریز کریں۔ کسی بھی ممکنہ تباہی سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور تمام متعلقہ محکموں کو چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا کنٹرول روم پر رابطہ کریں۔