بلاول بھٹو نے حکومت کو بڑی دھمکی دیدی
مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے اہم بیان میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پہلے مرحلے کی دھاندلی پر پی پی پی کی شکایات کا ازالہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن بروقت نوٹس لیتا تو دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ساکھ کو بچایا جا سکتا تھا، تاہم اب پیپلز پارٹی احتجاج اور ان حلقوں میں دوبارہ انتخابات کروانے کا قانونی حق رکھتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کے دوران بیلٹ بکس بھرنے اور پی پی پی کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی پولنگ اسٹیشنوں سے باہر نکالنے کی متعدد تحریری شکایات جمع کرائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری ایکشن لیتے ہوئے دوسرے مرحلے کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنائے۔