کوئٹہ میں بچوں کے غیر رجسٹرڈ خشک دودھ کے خلاف کارروائی، 6 دکانیں سیل
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے شہر کے معروف تجارتی مرکز میزان چوک میں بچوں کے غیر رجسٹرڈ اور غیر مجاز خشک دودھ (فارمولا ملٹری) کی فروخت کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ امیر حمزہ کی سربراہی میں ٹیم نے میزان چوک میں موجود 8 تجارتی مراکز و دکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، بغیر اجازت نامے کے بچوں کا دودھ بیچنے، اور لیبلنگ و دستاویزات کے عدم وجود پر 6 دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملاوٹ اور غیر قانونی فروخت میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ باقی 2 دکانوں کے مالکان کو آئندہ کے لیے سخت تنبیہی ہدایات جاری کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کی صحت اور جان سے کھیلنے والے عنصر کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی برقرار رہے گی اور ایسے عناصر کے خلاف یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔