کوئٹہ سے بڑی خبر، سرفراز بگٹی حکومت نے تاریخ رقم کر دی
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار مالی سال کے تمام منظور شدہ ترقیاتی منصوبے سو فیصد مکمل کرنے کا تاریخی ہدف حاصل کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ سیکرٹریز کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 2 ہزار 966 تمام تر منظور شدہ ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے گئے، جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات میں 28 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی ممکن بنائی گئی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران بھی 2 ہزار 280 ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جنہیں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بہترین کارکردگی اور گڈ گورننس پر متعلقہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور افسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سی ایم آئی ٹی (CMIT) کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کی بدولت کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور اب ترقیاتی فنڈز کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کی جائے گی۔