مواد پر جائیں

کوئٹہ 19°C فجر 5:08 ظہر 12:21 عصر 4:33 مغرب 6:13 عشاء 7:33
آج کا ای پیپر 4 اکتوبر 2026 پڑھیں
کھیل

کرکٹ کی دنیا سے افسوسناک خبر آگئی

کرکٹ کی دنیا سے افسوسناک خبر آگئی

نئی دہلی/کابل: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتقال کر گئے۔ وہ ایک نایاب اور سنگین مدافعتی عارضے "ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس” (HLH) میں مبتلا تھے اور نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے (ICU) میں زیرِ علاج تھے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ وہ اپنی 39 ویں سالگرہ منانے سے محض ایک روز قبل اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔

کرکٹ کی دنیا سے افسوسناک خبر آگئی

شپور زادران کا شمار افغان کرکٹ کو عالمی سطح پر متعارف کروانے اور اسے عروج تک پہنچانے والے بانی کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ 6 فٹ سے زائد طویل قامت کے حامل شپور زادران اپنی تیز رفتار، جارحانہ بولنگ اور میدان میں اپنے لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ میں بے پناہ مقبول تھے۔ انہوں نے 2009 سے 2020 کے دوران افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 44 ایک روزہ (ODI) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور کئی اہم فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا۔

شپور زادران کی ابتدائی زندگی کا ایک بڑا حصہ پاکستان میں گزرا، جہاں وہ بطور افغان مہاجر پشاور میں مقیم رہے۔ انہوں نے اپنی کرکٹ کا باقاعدہ آغاز بھی پشاور ہی کی دھرتی سے کیا۔ اس ابتدائی دور میں افغانستان کے موجودہ اور سابق نامور اسٹارز جیسے محمد نبی، اصغر افغان اور دولت زادران کرکٹ کے میدانوں میں ان کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔

ان کے اچانک انتقال پر افغانستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں اور دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔