زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بڑی ہلچل! وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلاول بھٹو سے ملاقات، سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بڑی ہلچل! وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلاول بھٹو سے ملاقات، سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ زیارت سانحے کے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی اور ان کے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے حکومت نے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جبکہ لواحقین کے مطالبے پر واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں پائیدار امن اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں پارلیمانی اور غیر پارلیمانی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے زیارت سانحے کے متاثرہ خاندانوں کے مسائل کے حل اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے کردار کو سراہا اور مذاکرات میں تعاون کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سیاسی مکالمے میں ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ بامقصد سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کا مؤقف پہلے دن سے واضح اور غیر متزلزل ہے، اور پارٹی دہشت گردی کے ناسور کے خلاف ریاستی اداروں اور عوام کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی