ہیٹ ویو کے خطرات سے نمٹنے کے لیے سبی میں ٹھنڈے پانی کے واٹر چلرز فعال
سبی:وزیر اعلی بلوچستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے اثرات سے شہریوں اور مسافروں کو محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سبی اور سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے بند پڑے ٹھنڈے پانی کے واٹر چلرز کی مرمت اور بحالی کا اہم منصوبہ مکمل کر کے انہیں فعال کر دیا گیا ہے۔ ان واٹر چلرز کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ، سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین عبیداللہ رند سمیت دیگر متعلقہ حکام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سائبان ہیڈ آفس، چاکر روڈ، ویگن اسٹاپ اور جنرل بس اڈہ پر نصب واٹر چلرز کو باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔صحافی رئیس علی ہانبھی کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ضلعی انتظامیہ عوامی بہبود کے ایسے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر فعال کیے گئے واٹر چلرز سے روزانہ سینکڑوں شہری، مزدور اور مسافر مستفید ہوں گے اور یہ سہولت چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی تنظیموں کے تعاون سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ تقریب کے آخر میں بانی سائبان عبیداللہ رند نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ شہریوں نے اس مشترکہ اقدام کو شدید گرمی میں ایک بہترین اور عوام دوست فیصلہ قرار دیا۔