سانحہ زیارت ڈیڈ لاک ٹوٹ گیا؟ حکومتی وفد دھرنا گاہ پہنچ گیا، کیا لواحقین کے مطالبات مان لیے جائیں گے؟جانیے
کوئٹہ: سانحہ زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کے ساتھ حکومتی وفد کے مذاکرات ایک بار پھر شروع ہو گئے ہیں، جہاں دونوں فریق مطالبات اور ممکنہ حل پر تفصیلی بات چیت کر رہے ہیں۔
حکومتی وفد میں صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، بخت محمد کاکڑ، میر سلیم کھوسہ اور میر عاصم کرد گیلو شامل ہیں۔ وفد کے دیگر ارکان میں سینیٹر منظور کاکڑ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرسنل اسٹاف آفیسر سعید امین، بلال کاکڑ اور دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔
دوسری جانب دھرنا کمیٹی کی نمائندگی عبدالرحیم زیارتوال، اصغر خان اچکزئی، آغا حسن بلوچ، مولانا قادر لونی سمیت دیگر رہنما کر رہے ہیں، جبکہ سانحہ زیارت کے لواحقین بھی مذاکرات میں موجود ہیں۔
مذاکرات میں دھرنا کمیٹی کے مطالبات، سانحہ زیارت کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال جاری ہے۔ دونوں فریقوں کی جانب سے مذاکرات کے نتائج سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔