اسلام آباد سے پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری، تجارت، آئی ٹی اور سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز
اسلام آباد: پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور جہاز رانی (شپنگ) سمیت مختلف اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئی۔
ثالثی کی حمایت: ناروے نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور توثیق کی ہے۔
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ: گزشتہ دو برسوں میں ناروے کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 5 گنا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اہم سرمایہ کاری: نارویجن کمپنی ‘یارا انٹرنیشنل’ اور ‘فوجی فرٹیلائزر’ کی شراکت داری کو اہم اقتصادی پیشرفت قرار دیا گیا۔
عالمی مسائل: دونوں ممالک نے فلسطین کے دو ریاستی حل، مسئلہ کشمیر، افغانستان اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر یکساں موقف کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایک دہائی (10 سال) کے طویل عرصے بعد ناروے کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سیاسی مشاورت جاری ہے اور دوطرفہ تجارت کو وسیع کرنے کے بہترین امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے شپ ری سائیکلنگ، ہنرمند پاکستانیوں کی قانونی امیگریشن، اور عوامی روابط بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ثالثی کردار خطے اور دنیا کے لیے ایک اہم خدمت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
ایسپن بارتھ ایڈے نے واضح کیا کہ ناروے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور خطے میں بلا تعطل جہاز رانی کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کے باوجود ایک مستقل ریاست کے طور پر ایران کا محفوظ رہنا اس کا بنیادی حق ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران نارویجن وزیر خارجہ نے کہا کہ گفتگو میں جموں و کشمیر، افغانستان اور فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور 2 ریاستی حل کی ناروے کی جانب سے مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔