پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے معاشی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ سرحدی تجارت، کسٹمز نظام، کارگو نقل و حرکت میں آسانی اور مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام سے دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نجی شعبے کو مزید مواقع فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔